امریکی صدر براک اوباما بھارت کے دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے
امریکی صدر براک اوباما تین روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو بھارتی دارالحکومت دہلی پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جن کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔
امریکی صدر کا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی کا مظاہرہ کیا اور گلے گلے ملے۔
بھارتی وزیر اعظم نے مرکزی وزیر پیوش گویل اور ديگر بھارتی حکام کا صدر اوباما سے تعارف کرایا۔
بھارتی حکام نے دارالحکومت نئی دہلی میں ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا ہے جبکہ شہر میں 15 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
براک اوباما کو بھارت کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقد تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
ان کا خصوصی طیارہ ایئرفورس ون بھارتی وقت کے مطابق صبح
پونے دس بجے دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر اترا۔
دوپہر 12 بجے بھارت کے صدر پرنب مکھرجی ان کا صدارتی محل میں باضابطہ طور پر استقبال کریں گے جس کے بعد اوباما راج گھاٹ جا کر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر حاضری دیں گے۔
راج گھاٹ سے اوباما حیدرآباد ہاؤس جائیں گے جہاں دونوں ممالک کے درمیان ملاقاتوں کا دور ہوگا اور وہ وزیراعظم نریندر مودی کے ہمراہ مشترکہ طور پر خطاب کریں گے۔
اتوار کی رات بھارتی صدر پرنب مکھرجي نے براک اوباما اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں صدارتی محل میں خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا ہے۔
وہ اپنے اس دورے میں نریندر مودی کے ساتھ ملک کے عوام سے ریڈیو پر بھی خطاب کریں گے۔
دہلی میں بی بی سی کی گیتا پانڈے کا کہنا ہے کہ جس مقام پر پیر کو یومِ جمہوریہ کی پریڈ منعقد ہونا ہے وہاں عموماً سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ تو یہ انتظامات انتہائی سخت ہیں۔
انڈیا گیٹ اور راج پتھ کا علاقہ گذشتہ کئی دن سے عوام کے لیے ممنوعہ علاقہ بنا ہوا ہے اور یہاں ہزاروں اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب امریکی صدر اتنی دیر تک کھلے آسمان تلے کسی تقریب میں اتنی دیر تک شریک رہیں گے۔
اوباما نے واشنگٹن میں اپنی حلف برداری کی تقریب میں تقریباً 40 منٹ گزارے تھے جبکہ راج پتھ پر یوم جمہوریہ کی تقریب دو گھنٹے تک چلے گی۔
بھارتی دارالحکومت کے موریا شیریٹن اور تاج محل ہوٹل کی بھی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اوباما اور ان کی ٹیم ان میں سے کسی ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہوگی۔ سکیورٹی کی وجہ سے اوباما کی حتمی قیام گاہ کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے
Shared from:http://www.bbc.co.uk/urdu/regional/2015/01/150125_obama_india_visit_zs
0 comments:
Post a Comment